ہفتہ 7 مارچ 2026 - 17:27
شہید رہبر انقلاب سید علی خامنہ ای ظلم کے خلاف استقامت کی علامت تھے: اہل بیتؑ فاؤنڈیشن ہند

حوزہ/ اہل بیت علیہم السلام فاؤنڈیشن ہند (شعبہ قم المقدسہ، ایران) کے سربراہ حجۃ الاسلام و المسلمین سید سرور عباس نقوی نے رہبر انقلاب اسلامی سید علی خامنہ ای کی شہادت پر گہرے رنج و غم کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ آپ کی رحلت امت مسلمہ کے لیے ناقابلِ تلافی نقصان ہے۔ انہوں نے اپنے تعزیتی پیغام میں شہید رہبر انقلاب کو استقامت، بیداریٔ امت اور مظلوموں کی حمایت کی عظیم علامت قرار دیتے ہوئے مسلمانوں پر زور دیا کہ وہ اتحاد و یکجہتی کے ساتھ ان کے بتائے ہوئے راستے پر گامزن رہیں۔

حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، حجۃ الاسلام و المسلمین سربراہ اہل بیت علیہم السلام فاؤنڈیشن ہند،شعبہ قم المقدسہ،ایران نے رہبر انقلاب اسلامی آیت اللہ العظمیٰ سید علی خامنہ ای کی شہادت پر تعزیتی پیغام ارسال کیا جسکا مکمل متن اس طرح ہے؛

بسم الله الرحمن الرحیم
مِنَ المُؤمِنینَ رِجالٌ صَدَقوا ما عاهَدُوا اللَّهَ عَلَیهِ ۖ فَمِنهُم مَن قَضیٰ نَحبَهُ وَمِنهُم مَن یَنتَظِرُ ۖ وَما بَدَّلوا تَبدیلًا ﴿۲۳/احزاب﴾
آہ: رہبر معظم انقلاب اسلامی، مرجع عظیم الشان جہان تشیع، سید الشہدائے مقاومت، شہید سعید آیت اللہ العظمیٰ الامام سید علی حسینی الخامنہ ای(قدس سرہ) جواس آیہ مبارکہ کے مصداق کامل تھے اور جنہوں نے اپنے پورے ایمان و ایقان کے ساتھ خدا کی بارگاہ میں اپنے عہد و پیمان پر عمل کرتے ہوئے اسلام و مسلمین جہان سے مربوط اپنی تمام ذمہ داریوں اور امت مسلمہ کی رہبری کو بنحو احسن ادا کیا،اور مملکت اسلامی ایران اور پوری دنیا کے مسلمانوں کے حق میں ذمہ داریوں کی ادائیگی کی راہ میں جام شہادت نوش کرکے اپنے معبود حقیقی کی بارگاہ میں جا پہنچے۔
رہبر معظم انقلاب، اپنے جد حضرت سید الشہداء امام حسین علیہ السلام کی سیرت پر عمل کرتے ہوئے وقت کے یزید کے سامنے جھکے نہیں بلکہ پوری استقامت و صلابت اور سربلندی کے ساتھ اپنے حسینی عزم پر ڈٹے رہے اور دنیا کے شقی ترین فرد کی بیعت پراپنی شجاعانہ شہادت کو ترجیح دی۔
"سر مل گیا حسین(ع) کا بیعت نہیں ملی" آپ نے اپنی پوری زندگی کو اسلام و مسلمین کی خدمت و ہدایت کے لئے وقف کردیا تھا، آپ ہمیشہ امت مسلمہ کی بیداری اور مسلمانوں میں وحدت و استقامت کے استقرار کے لئے کوشاں رہے، اور پوری دنیا کے مظلوموں کی آواز بن کر ظلم کے خلاف جد وجہد کرتے رہے۔
جب ؁۲۰۰۸ میں اہل بیت(ع) فاوٗنڈیشن کی جانب سے قم میں "انسجام اسلامی کانفرنس" کے انعقاد کے بعد ہندوستان سے آئے ہوئے کانفرنس کے مہمان مقرر جماعت اسلامی ہند کے سابق جنرل سکریٹری مولانا محمد رفیق قاسمی مرحوم کے ساتھ مجھ نا چیز کو بھی نزدیک سے رہبر معظم انقلاب کی زیارت اوران کی دست بوسی کا شرف حاصل ہوا۔ تو اس وقت بھی آپ نے اپنے خطاب میں ہندوستان میں مسلمانوں کے درمیان اتحاد وانسجام کے نفاذ کے لئے سعی و تلاش کی ہدایت فرمائی۔
آپ کی شہادت امت مسلمہ کے لئے نا قابل تلافی نقصان ہے، لیکن اب انکے غمناک فقدان پران کے بتائے ہوئے راستوں پر گامزن رہنا، اور آپسی اتحاد کو برقرار رکھتے ہوئے یزید وقت کے سامنے سیسہ پلائی ہوئی دیوار کی طرح ڈٹے رہنا امت مسلمہ کا عینی فریضہ ہے۔
رہبر معظم انقلاب کی شہادت کے المناک موقع پرہم اہل بیت(ع) فاوٗنڈیشن کے اراکین غمزدہ دلوں اور خون آلود آنکھوں سے امام زمانہ عجل اللہ تعالیٰ فرجہ الشریف،مراجع عظام،علمائے کرام اور ایران کی شہید پرور قوم، ان کے فرزندان محترم،اور دنیا کے تمام مومنین کی خدمت میں تعزیت و تسلیت پیش کرتے ہیں۔
اور آخر میں دعا کرتے ہیں کے خداوند متعال ہم سب کو رہبر انقلاب کی راہ استقامت کو زندہ رکھنے اور ان کے بتائے ہوئے راستوں پر چلنے کی توفیق عطا فرمائے۔
والسلام
سید سرورعباس نقوی
اہل بیت علیہم السلام فاؤنڈیشن ہند،شعبہ قم المقدسہ،ایران.

لیبلز

آپ کا تبصرہ

You are replying to: .
captcha